ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل جرنلسٹ ایسو سی ایشن کی اختتامی تقریب : مجھے ترقیاتی کاموں کے لئے اخباروں میں مسائل کی نشاندہی سے بہت تعاون ملا ہے:منکال وئیدیا

بھٹکل جرنلسٹ ایسو سی ایشن کی اختتامی تقریب : مجھے ترقیاتی کاموں کے لئے اخباروں میں مسائل کی نشاندہی سے بہت تعاون ملا ہے:منکال وئیدیا

Tue, 26 Dec 2017 13:06:04    S.O. News Service

بھٹکل 26؍دسمبر (ایس اونیوز) بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن سلور جوبلی تقریبات کے اختتامی اجلاس کے دوسرے دن پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بھٹکل ہوناور اسمبلی حلقے کے رکن منکال وئیدیا نے اخبار نویسوں کی خوب ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے حلقے میں جتنے بھی ترقیاتی منصوبوں پر عمل کیا ہے، اور عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا ہے ان میں سے بیشتر مسائل کی نشاندہی اخباری رپورٹوں سے ہوئی ہے، اور مجھے اس پر توجہ دینے میں مدد ملی ہے۔

منکال وئیدیا نے کہا کہ تعلقہ کے اندر 7ہزار گھر ایسے تھے جہاں بجلی دستیاب نہیں تھی۔پورے ملک کو بجلی کی سربراہی کرنے والے میرے اپنے علاقے میں بسنے والوں کے گھروں میں بجلی کی فراہمی نہ ہونا افسوس کی بات تھی۔ اس مسئلہ کو اس بار حل کرتے ہوئے تمام گھروں کو بجلی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ عوام کی ہر خدمت کے لئے ہمیشہ تیار ہیں۔

سینئر صحافی رمضان درگاہ نے اس موقع پر سووینئر'میٹھی یادیں'کا اجراء کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں عدم تشدد اور انسانیت کا بول بالا کرنے والی سوچ کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو عدل و انصاف کا رویہ اپنانا چاہیے۔ وہ ہندو، مسلم، عیسائی ہوسکتے ہیں مگر صحافت کا جو کردار ہے اسے نہیں بھولنا چاہیے۔ اپنے قلم کا استعمال سماج کی تعمیر و ترقی کے لئے کرنا چاہیے۔

ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ریاستی صدراین راجو نے کہا کہ منکال وئیدیا نے اپنے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور عوامی مسائل کو حل کرنے میں صحافیوں کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے جو ستائش کی ہے ، یقیناًوہ قابل رشک ہے۔اس موقع پر اعزاز یافتہ صحافی وویک مہالے، آفتاب حسین کولا اور شویتا اچاریہ نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
سلور جوبلی تقریبات کے اعزازی صدر و رکن اسمبلی منکال وئیدیا،ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر،تاجر شیوانی شانتا رام،جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ستیش نائک،کری اپّا نائک،راگھویندرا ہیبار،اور اساسی صدر رادھا کرشنا بھٹ وغیرہ کی تہنیت کی گئی۔منکال وئیدیا نے اخبار فروشوں کو سائیکل عطیہ دینے کا جو منصوبہ بنایا ہے ، اس تعلق سے علامتی طور پر دو اخبار فروشوں کو سائیکلیں دی گئیں۔پروگرام کی صدارت ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے کی۔ تنظیم کے صدر جناب مزمل قاضیا، ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن ضلع شمالی کینرا کے صدر سبرایا بھٹ بکّل اسٹیج پر موجود تھے۔

ایسویس ایشن کے صدر رادھا کرشنا بھٹ نے افتتاحی کلمات کہے ۔سکریٹری بھاسکرنے حاضرین کا استقبال کیا۔معاون سکریٹری موہن نائک نے شکریہ ادا کیا۔شریدھر شیٹھ اور پرمیشوری نائک نے نظامت کی۔اس کے بعد فرینڈز میلوڈیز اوربنگلورو کے نٹراج اینٹر ٹینرزنے موسیقی اور ثقافتی پرورگرام پیش کیا۔


Share: